ابوظہبی ٹیسٹ؛ دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے 3 وکٹوں پر 139 رنز

Last Updated On 04 December,2018 07:47 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری ہے اور کھیل کے دوسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا لیے ہیں۔

 ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق صرف 18 رنز بناسکے۔ ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، حارث سہیل نے 34 رنز بنائے تاہم وہ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر کیویز کو قومی ٹیم پر 135 کی برتری حاصل ہے جب کہ 3 دن کا کھیل باقی ہے۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو وکٹ کیپر بلے باز واٹلنگ 42 اور ولیم سومرویلے 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا لیکن 77 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے واٹلنگ کے ساتھ کریز پر کوئی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔ سومرویلے 12، اعجاز پٹیل 6 اور ٹرینٹ بولٹ ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کم ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانے سے 2 وکٹیں دوری پر ہیں، انہیں یہ ریکارڈ بنانے کے لیے اگلی اننگز کا انتظار کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ یاسر شاہ اب تک 33 میچز میں 198 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں 200 کا ہندسہ پورا کرنے میں مزید 2 وکٹیں درکار ہیں، اس سے قبل آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ نے 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔