ابوظہبی: (دنیا نیوز) پاکستانی مایہ ناز باولر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ انھوں نے سابق آسٹریلوی لیگ سپنرکلیری گریمٹ کا 82 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا اور تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے باولر بن گئے۔
بتیس سالہ یاسر شاہ کے لیے ابوظہبی کا میدان اور تینتیسواں ٹیسٹ تاریخ ساز بن گیا، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کےچوتھے روز سومرولی کی وکٹ ریکارڈ 200 واں شکار بنی۔
پہلی اننگز میں گگلی ماسٹر نے جیت راول، راس ٹیلر اور نیکولس کو ٹھکانے لگایا، 200 ٹیسٹ وکٹیں اڑا کر یاسر شاہ نے آسٹریلوی باولر کا 82 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ لیجنڈری گریمٹ نے1936 میں 36 میچز کھیل کر 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کی تھیں۔ دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ 14 شکار کیساتھ لیجنڈری عمران خان کے ہم پلہ ہوئے۔
یاسر شاہ ایک دن میں 10 وکٹیں اڑانے کا ریکارڈ بھی بناچکے ہیں، 22 اکتوبر 2014 کو دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے یاسر شاہ کی بہترین بولنگ اوسط ایک اننگز میں اکتالیس رنز کے عوض آٹھ وکٹیں ہیں۔