ابوظہبی: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی شکست کے بعد شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بہت ہو چکا لہٰذا نتائج کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔
قومی کپتان کے مطابق یہ کہنا فضول بات ہوگی کہ پلیئرز محنت نہیں کرتے یا کوچز بتاتے نہیں بلکہ اب وقت آگیا ہے کہ سب اپنی ذمہ داری کو سمجھیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں لمبی اننگز کے پلیئرز درکار ہیں جبکہ اوپنرز کو نئی گیند کے ساتھ وکٹ پر وقت گزارنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔
نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کپتان سرفراز احمد واپس گھر لوٹ آئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مواقع ملنے کے باوجود سیریز نہ جیت سکے، بیٹنگ میں زیادہ سکور کرنے کی ضرورت تھی، لمبی اننگز نہ کھیلنے کے باعث ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔
کپتان سرفراز احمد نے ہارنے کے باوجود نیوزی لینڈ کے سیریز کو اچھا قرار دیا اور اپنی کارکردگی پر گفتگو سے گریز کیا، اسد شفیق اور میر حمزہ بھی نجی ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچے۔