کیپ ٹاؤن: (دنیا نیوز) کیپ ٹاؤن میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل آ گئیں، جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،قومی ٹیم کی 5 وکٹوں کے نقصان پر بیٹنگ جاری ہے، میزبان ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے.
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ جاری ہے۔ پروٹیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کے بلے باز میدان میں آئے تو سہی لیکن واپس پویلین لوٹنے میں بھی جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔ پروٹیز نے محض 54 سکور پر 5 شاہینوں کو شکار کر لیا تاہم کپتان سرفراز احمد نے اس مرتبہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہوئے 3 چوکوں کی مدد سے مجموعی 75 سکورز میں 16 رنز کا اضافہ کیا۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم میں اہم تبدیلی کی گئی تھیں، حسن علی کی جگہ محمد عباس کو شامل کیا گیا جبکہ حارث سہیل کی انجری اور وطن واپسی نے ناقص کارکردگی کے باوجود اسد شفیق کی سیٹ پکی کر دی۔
کڑے امتحان سے پہلے شاہینوں نے پلان فائنل کر لیا۔ انجری کے شکار حارث سہیل آؤٹ، وطن واپسی کا پروانہ دیدیا گیا، ان کے متبادل کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ ناقص کارکردگی دکھانے والے اسد شفیق کا ایک اور چانس یقینی ہو گیا۔ سنچورین میں بری طرح فلاپ ٹاپ آرڈر بلے باز اظہر علی پر کم بیک کی بھاری ذمہ داری عائد ہو گئی، انجری سے نجات پانے والے فاسٹ باؤلر محمد عباس مکمل فٹ ہو گئے، انہیں حسن علی کی جگہ نمائندگی ملی ہے۔
ادھر میزبان ٹیم کے تجربہ کار بولر ورنن فلینڈر بھی مکمل فٹ ہیں، سابق نمبر ون بولر اسی گراؤنڈ پر وکٹوں کی ففٹی مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، تین میچز کی سیریز میں پروٹیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔