سنچورین: (ویب ڈسیک) جنوبی افریقا نے 33 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے، تاہم اس دوران ایک بار پھر میچ کو بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔
تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 318 رنز کا جواب دیا جس کے جواب میں پروٹیز کی جانب سے ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے 53 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، ہاشم آملہ 25 رنزبناکر حسن علی کا شکار بنےجب کہ ڈی کوک 33 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا نے 33 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے، تاہم اس دوران ایک بار پھر میچ کو بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔ ہینڈرکس 83 جبکہ فاف ڈوپلیسز 40 رنز کساتھ کریز پر موجود ہیں۔
یہ بات اہم ہے کہ ڈیک ورتھ لوئس سسٹم کےتحت میزبان ٹیم سات رنز سے آگے۔ اگر میچ دوبارہ شروع نہ ہوا تو جنوبی افریقا 7 رنز سے جیت جائے گا اس سے قبل پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان میدان میں اترے لیکن پاکستان کو جلد ہی پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب فخر زمان غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے صرف دو رنز بنائے۔
بعد ازاں امام الحق اور بابر اعظم نے اچھی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کے سکور کو 136 رنز تک پہنچایا۔ ستائسویں اوور میں 136 رنز پر بابر اعظم کی وکٹ گری وہ 69 رنز بنا کر ڈیل سٹین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ محمد حفیظ کی گری وہ 52 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 250 کے مجموعی سکور پر گری جب شاندار سینچری سکور کرنے والے امام الحق 101 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے 31 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے بلے باز حسن علی بھی زیادہ دیر اپنی وکٹ نہ بچا سکے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم 43 جبکہ کپتان سرفراز احمد 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل سٹین اور ربادا نے دو، دو جبکہ ہینڈرکس اور شمسی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے۔
تیسرے ایک روزہ میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فہیم اشرف اور حسین طلعت کی جگہ محمد عامر اور عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے جب کہ میزبان ٹیم میں ڈیل سٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کی واپسی ہوئی جبکہ بیرن ہینڈرکس اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔