گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل، ایونٹ اکیس مارچ سے شروع ہوگا

Last Updated On 19 March,2019 07:38 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے بعد پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل، ایونٹ اکیس مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔

میگا ایونٹ میں سولہ ممالک کی ٹیمیں ان ایکشن ہونگی۔ تمام میچز SportsFever360 کے تعاون سے آن لائن براہ راست دکھائے جائیں گے۔

یو اے ای اور پھر پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ دھوم مچانے کو تیار ہیں۔ اکیس مارچ سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہونیوالی گلوبل زلمی لیگ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

اسلام آباد میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے اسلام آباد کے گراؤنڈز میں دنیا بھر سے آنیوالی سولہ ٹیمیں ان ایکشن ہونگی۔ غیر ملکی ٹیموں کی آمد آج رات سے شروع ہو گی۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ گلوبل زلمی لیگ پشاور زلمی کے لیے اہم ایونٹ ہے جو دنیا بھر میں پشاور زلمی کے فین کلب اور مقبولیت کا ثبوت ہے۔ وہ پاکستان آنیوالی تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ساتھ ہی بھرپور تعاون پر میونسپل کارپوریشن اسلام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

گلوبل زلمی لیگ میں الریاض زلمی، شاوژنگ زلمی، انچیون زلمی، وینکوور زلمی، ویانا زلمی، بون زلمی، کابل زلمی، پیرس زلمی، وکٹوریہ زلمی، مانامہ زلمی، سٹیٹس زلمی، جوہانسبرگ زلمی، لندن زلمی، دبئی زلمی اور گلاسگو زلمی کی ٹیمیں شریک ہونگی۔

ایونٹ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی گلوبل زلمی الیون کا اعلان کیا جائیگا جو دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ میچز کے لیے دورے کرے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ اکیس مارچ کو الریاض زلمی اور شاؤژنگ زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا۔