لاہور: (دنیا نیوز) چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لیے چار وینیوز لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی شارٹ لسٹ ہیں۔ پرامید ہیں کہ ایشیا کپ بھی پاکستان میں ہی ہوگا۔
احسان مانی نے کہا کہ رواں سیزن میں سری لنکا اور بنگلا دیش کی میزبانی کے لئے پرامید ہیں جبکہ کرکٹ آسٹریلیا اور ای سی بی کے سربراہان اس برس پاکستان آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ بھارت کی طرح دبئی میں بھی کرانے کا آپشن موجود ہے۔ بھارت پہل کرے گا تو اس سے سیریز کھیلیں گے، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کی سفارشات اور تجاویز حکومت کو بھجوا دی ہیں۔ حکومت کی جانب سے منظوری ملتے ہی اسے فوری لاگو کر دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی نے کہا کہ تمام اختیارات اپنے پاس رکھنے کے حق میں نہیں ہوں، بورڈ کو پروفیشنل انداز میں چلانا چاہتا ہوں۔ کپتان، ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کو ورلڈ کپ کے اختتام تک نہ چھیڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔