مانچسٹر: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل کے دوران نیوزی لینڈ کی بھارت کیخلاف بیٹنگ جاری ہے، گزشتہ روز بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا، باقی میچ آج دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مارٹن گپٹل اور نکولس نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم کیویز ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم اوپنر گپٹل پورے ایونٹ کی طرح اس بار بھی سیمی فائنل مرحلے میں ناکام رہے اور 14 گیندوں پر ایک رن بنا کر فاسٹ باؤلر بمرا کا شکار بن گئے، کوہلی نے ان کا کیچ تھاما۔
کپتان ولیمسن اور نکولس نے سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم دونوں نے کچھوے کی چال کی طرح بیٹنگ کی، 68 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کا اختتام سپنر جڈیجا نے کیا۔ نکولس 51 گیندوں پر 28 سکور بنا کر سپنر کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کپتان کین ولیمسن نے 95 گیندوں پر 67 سکور کی باری کھیلی اور چاہل کی گیند پر جڈیجا کو کیچ دے بیٹھے۔ جیمی نیشام 12 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بیٹسمین کو پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم کی مزاحمت 16 رنز پر دم توڑ گئی۔ بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی نے کیچ پکڑا۔
میچ کا براہ راست سکور دیکھیں:
اس سے قبل کیوی کپتان ولیم سن کا کہنا تھا کہ بھارت مشکل حریف ہے، بڑا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔