ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، افغان کرکٹر آفتاب عالم پر ایک سال کیلئے کرکٹ کے دروازے بند

Last Updated On 15 July,2019 03:52 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے دوران اپنے کھلاڑی آفتاب عالم پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک سال کیلئے کرکٹ کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 26 سالہ آفتاب عالم پر ایک سال کی پابندی ڈسپلنری کمیٹی کی تحقیقات کے بعد لگائی گئی ہے. افغان فاسٹ باﺅلر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کابل میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں کیا گیا۔ ان پر الزام تھا انہوں نے ہوٹل میں ایک مہمان خاتون کیساتھ انتہائی بدتمیزی کی تھی، انکوائری کے بعد الزام سچ ثابت ہو گیا۔

ورلڈ کپ کے دوران اچانک آفتاب عالم کو ٹیم سے ڈراپ کرتے ہوئے واپس افغانستان بھیج دیا گیا تھا اور پریس ریلز میں بتایا گیا کہ باﺅلر کو واپس بھیجنے کا فیصلہ نہایت ہی غیر معمولی حالات میں کیا گیا۔

یاد رہے کہ آفتاب عالم نے ورلڈ کپ 2019ء میں اپنا آخری میچ 22 جون کو کھیلا تھا جس میں افغانستان کو بھارت کیخلاف 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسی دوران ہوٹل میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ فاسٹ باؤلر نے 2010ء سے اب تک 27 ون ڈے اور 12 ٹی ٹونٹی میچز میں بالترتیب 41 اور 11 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔