افغانستان کے شہرغزنی میں کاربم دھماکہ، 12 افراد ہلاک، 70 زخمی

Last Updated On 07 July,2019 09:06 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کا شہر غزنی کار بم دھماکے سے گونج اٹھا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 70 شدید زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں‌8 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

افغانستان کا شہر غزنی 2 روز کے دوران 2 بم دھماکوں کا نشانہ بن گیا۔ افغان میڈیا کے مطابق آج ہونے والے دھماکے میں حملہ آوروں نے افغان انٹیلی جنس ادارے کو ٹارگٹ کیا جس میں 8 پولیس اہلکار اور 4 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ 70 دیگر زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بم انٹیلی جنس عمارت کے سامنے کھڑی کار میں نصب کیا گیا تھا۔ دفتر کی سکیورٹی کیلئے پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات تھی جو بم دھماکے کا براہ راست نشانہ بنی۔ 

بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی غزنی میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا، واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوئے تھے جبکہ دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔