افغانستان: کرکٹ کی تینوں فارمیٹ کی قیادت کا ’’ہما‘‘ راشد خان کے سر سج گیا

Last Updated On 15 July,2019 03:51 pm

کابل: (ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد افغانستان کرکٹ حکام نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا ’’ہما‘‘ راشد خان کے سر سجا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے اسپنر راشد خان کو تینوں فارمیٹ کے لیے کپتان مقرر کردیا ہے جبکہ اصغر افغان نائب مقرر کر دیئے گئے۔

رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل بھی راشد خان کو ون ڈے ٹیم کی قیادت کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے مسترد کردیا تھا جس کے بعد انہیں گلبدین کا نائب مقرر کیا گیا تھا۔

افغان بورڈ نے یہ فیصلہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کیا جہاں گلبدین نائب کی زیر قیادت افغان ٹیم کو اپنے تمام میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔عالمی نمبر ایک ٹی 20 باؤلر راشد خان کیلئے بھی ورلڈ کپ بہت اچھا نہیں رہا اور توقعات کا بوجھ نہ اٹھا سکے لیکن افغانستان کرکٹ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے 20سالہ کرکٹر کو قیادت کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

میگا ایونٹ کے دوران 8 اننگز میں انہوں نے 70کی اوسط سے 6 وکٹیں لیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں 110 رنز کی پٹائی برداشت کرنی پڑی اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے۔

ستمبر میں بنگلہ دیش کیخلاف ہونے والی سیریز کے دوران راشد خان کپتانی کا آغاز کریں گے، اس سیریز میں بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لیں گی پھر افغان ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف بھی مکمل سیریز کھیلے گی جس میں 3 ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور ایک ٹیسٹ شامل ہے۔

یاد رہے کہ زمبابوے میں ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران کپتان اصغر افغان کی غیرموجودگی میں 4 میچوں میں افغانستان کی راشد نے قیادت کی تھی اور ان سے تین میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔