کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 2019-20ء کے لیے قائداعظم ٹرافی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کوئٹہ 11 سال بعد قائداعظم ٹرافی کے میچز کی میزبانی کرے گا۔
دنیا نیوز کے مطابق ایونٹ کے 31 میچز 6 شہروں کے 9 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ کوئٹہ 11 سال بعد قائداعظم ٹرافی کے میچز کی میزبانی کرے گا۔ قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ کے 4 میچز کی میزبانی بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کو سونپ دی گئی ہے۔
سیکنڈ الیون کے 4 میچز میرپور کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، ٹرافی کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ کا پہلا مرحلہ 14 ستمبر سے 8 اکتوبر جبکہ دوسرا مرحلہ 28 اکتوبر تا 13 دسمبر تک جاری رہے گا۔
قائداعظم فرسٹ الیون کا فائنل میچ 9 سے 13 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ سیکنڈ الیون کا فائنل میچ 29 نومبر سے سٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔
ایونٹ کے 6 میچز کی میزبانی ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم کرے گا۔ نیشنل سٹیڈیم اور یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں 5، 5 میچز کھیلے جائیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور اور کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں 3 میچز کھیلے جائیں گے، جناح سٹیڈیم سیالکوٹ اور سٹیٹ بینک گراؤنڈ کراچی میں 1، 1 میچ کھیلا جائے گا۔