کراچی: (روزنامہ دنیا) اداکار توقیر ناصر کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں طلبہ کی تقریب سے خطاب کے دوران توقیر ناصر نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد آزادی کی مشکل گھڑی میں پوری فنکار برادری کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے اور حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے۔
انہوں نے کہا آج کا ڈرامہ کمرشل ہے جبکہ ماضی کے ڈراموں میں مقصدیت اور معاشرے کی اصلاح کیلئے پیغام ہوتا تھا۔ فنی صلاحیت خداداد ہوتی ہے البتہ اکیڈمی اور مسلسل کام فن کو نکھارتا ہے۔ انھوں نے اداکاری کی شوقین آج کی نوجوان نسل کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے ملک و قوم کی خدمت کریں، انہوں نے مثال دی کہ جس طرح فنگر پرنٹ ایک جیسے نہیں ہوتے اسی طرح ہر انسان کی صلاحیتیں بھی مختلف ہوتی ہیں۔ آج جو سینئر اداکار ہیں انھوں نے محنت اور صلاحیت کے بل بوتے پر اپنا مقام حاصل کیا۔