7 سال سے بے اولاد جوڑے کے ہاں 6 بیٹوں کی پیدائش

Last Updated On 05 September,2019 11:55 am

پھلروان: (روزنامہ دنیا) سرگودھا کے نجی ہسپتال میں خاتون کے ہاں چھ بیٹوں کی پیدائش ہوئی ہے، اہل خانہ خوشی سے نہال ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پھلروان کی رہائشی غزالہ بی بی کے ہاں سرگودھا کے نجی ہسپتال میں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی، اہل خانہ کے مطابق خوش نصیب جوڑے کی شادی کو سات سال ہو چکے تھے تاہم ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی ،پورا خاندان ان کے ہاں بچوں کی پیدائش کے لیے دعا گو تھا۔

پیدائش کے بعد ہسپتال میں جشن کا سماں تھا، بچوں کی پیدائش کے بعد پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور خاندان کے لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے اور مبارکباد دیتے رہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں۔

سرگودھا میں بیک وقت چھ بچوں کی پیدائش کا پہلا واقعہ ہے، اس سے قبل اسی ہسپتال میں ایک خاتون نے ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کو جنم دیا تھا، ننھے مہمانوں کا گھر پہنچنے پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑوں سے استقبال کیاگیا، اس موقع پر اہل محلہ اور رشتہ داروں کی کافی تعداد ننھے مہمانو ں کے استقبال کیلئے موجود تھی۔