انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ: افغانستان نے پاکستان کو ہرا دیا

Last Updated On 06 September,2019 03:27 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو شکست دیدی۔ 162 رنز کا ہدف بھی رائی کا پہاڑ بن گیا۔ قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر اننگز نہ کھیل سکا۔ افغانستان کے شفیق اللہ غفاری مرد میدان قرار پائے۔

 

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی۔ فرحان ذخیل اور صدیق اللہ اٹل نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور سکور کو آگے بڑھایا۔ کپتان فرحان 39 گیندوں پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے، صدیق اللہ اٹل نے 29 سکور کی باری کھیلی۔

پریما داس سٹیڈیم کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں رحمن اللہ نے 27، ننگیلیا 3، آصف موسی زئی7، شفیق اللہ غفاری 13، محمد اسحق 12، جمشید خان 17، عبید اللہ 7، فضل حق صفر جبکہ نور احمد 17 رنز بنا سکے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 162 رنز بنا سکی۔

گرین شرٹس کی جانب سے عامر علی اور فہد منیر نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ عباس آفریدی کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کے ہاتھ پھول گئے، افغانستان کے شاندار باؤلنگ کے سامنے قومی ٹیم کے کھلاڑی بے بس نظر آئے اور کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔

عبد اللہ بنگلزئی 2، حیدر علی 8، روحیل نذیر 16، فہد منیر 7، حارث خان 0، عرفان خان 19، قاسم اکرم 2، عباس آفریدی 6، نسیم شاہ 6 اور محمد وسیم صفر پر پویلین لوٹ گئے، پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

افغانستان کی طرف سے شفیق اللہ غفاری3، نور احمد 2، عبید اللہ 2، فضل حق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ افغان ٹیم کے شفیق اللہ غفاری مرد میدان قرار پائے۔