کراچی: (دنیا نیوز) بہت ہو گیا آرام اب دکھائیں گے فُل فارم، پاکستان اور سری لنکن کھلاڑی آج پریکٹس سیشن میں اِن ایکشن ہوں گے، کل پہلے ون ڈے کا میدان لگے گا، چھکے چوکوں کا دور چلے گا، کرکٹ دیوانوں کا ابھی سے انتظار بڑھنے لگا۔
بڑے شہر میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے، پاکستان اور سری لنکن کھلاڑی آج سے نیشنل اسٹیڈیم میں جلوہ گر ہوں گے، دوپہر 2 بجے قومی کھلاڑیوں کا کیمپ لگے گا۔ سرفراز الیون ہیڈکوچ مصباح الحق کی نگرانی میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس کی ٹریننگ کریں گے، پریکٹس سیشن کے بعد کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے۔
مہمان کپتان لاہیرو تھری مانے کے ساتھ فوٹو سیشن ہو گا جس کے بعد لنکن قائد میڈیا کے سامنےاظہار خیال کریں گے، شام 6 بجے سری لنکا کرکٹ ٹیم ٹریننگ کے لیے میدان میں آئے گی، کھلاڑی کرکٹنگ جوہر دکھائیں گے۔ گذشتہ روز بارش کے باعث ٹریننگ سیشن منسوخ ہوا، پاک لنکن کھلاڑیوں نے خوب مزے کیے، وہاب ریاض تو کرکٹ بیٹ سے کیرم کھیلنے لگے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ کل کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوپہر 3 بجے میدان میں اتریں گی، کرکٹ دیوانوں کی نظریں ابھی سے جمنے لگیں۔ اپنی آنکھوں کے سامنے چھکے چوکوں کی بہار دیکھنے کے لیے تیار ہیں بلکہ سب کو شدت سے انتظار ہے۔