اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان مثبت اقدام ہے، پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مین ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کوششوں سے ممکن ہوئی ہے، امید ہے سری لنکن یادگار یادیں لے کر واپس جائیں گے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی تعلقات میں بہتری کے لیے اہم ذریعہ ہے، شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ امید ہے دوسرے ممالک کی ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔
یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا تھا۔