بدعنوانی روکنے کیلئے نیب کے عزم کا ساتھ دینا ہوگا، گورنر خیبر پختونخوا

Last Updated On 09 December,2019 05:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ دولت کو اپنی شناخت بنانا ترک کر دیں تو بدعنوانی ختم ہو جائے گی۔ لوگوں کو یہ یقین ہونا چاہیے کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ اگر لوٹی ہوئی رقم واپس ہوتی ہے اور وہ رقم عوام کے روزگار، صحت اور تعلیم پر خرچ ہو تو عوام انسداد بدعنوانی مہم کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار ان پانچ ممالک میں ہوتا ہے جہاں کے لوگ اپنی استعداد کے مطابق سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں جبکہ باقی چار ممالک کے عوام ناصرف خیرات دیتے ہیں بلکہ اسی حساب سے سب سے زیادہ ٹیکس بھی دیتے ہیں۔

گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ ہمارے ملک کے عوام کو اگر یقین ہو جائے کہ ٹیکس کے پیسے بھی انہی پر خرچ ہوتے ہیں تو وہ ٹیکس دینا شروع کر دیں۔ حکمرانوں کو اپنی طرز زندگی بدلنا ہوگی اور انہیں اپنی طرز زندگی سے ثابت کرنا ہوگا کہ دولت ان کی شناخت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کی وجہ سے ضرورت مند اور اہل افراد کا حق مارا جاتا ہے۔ ہم سب کو بدعنوانی روکنے کیلئے نیب کے عزم کا ساتھ دینا ہوگا۔ تقریب سے نیب خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل فیاض احمد قریشی نے بھی خطاب کیا۔