دوسرا ٹیسٹ: سری لنکن ٹیم 271 پر آؤٹ، پاکستان نے 57 رنز بنا لیے

Last Updated On 20 December,2019 06:26 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران شاہین شاہ اور محمد عباس کی شاندار باؤلنگ کے باعث مہمان ٹیم 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ کرونارتنے الیون کو 80 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں کھیل ختم ہونے تک 57 رنز بنا لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا روز شروع ہوا تو سری لنکن ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز پر اننگز دوبارہ شروع کی۔

یاد رہے کہ پہلے روز قومی ٹیم کی بیٹنگ ناکام ہوئی تھی جسکے بعد اظہر الیون 191 رنز بنا سکی۔ کمارا، ایمبلڈینیا نے 4.4 وکٹیں حاصل کیں تھیں جبکہ قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کے بھی تین کھلاڑی 64 رنز پر پویلین بھیج دیئے تھے۔

آج جب اننگز کا آغاز ہوا تو سری لنکا کے سینئر بیٹسمین اینجلو میتھیوز اور ایمبلڈینیا بیٹنگ کرنے آئے، مہمان ٹیم کو چوتھا نقصان 78 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ایمبلڈینیا 34 گیندوں پر 13 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے، میتھیوز کو 13 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے ٹھکانے لگا دیا۔

اس کے بعد سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین دنیش چندیمل نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور ڈی سلوا کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 67 رنز کی پارٹنر شپ بنی جس کا اختتام شاہین شاہ آفریدی نے کیا جبکہ محمد عباس نے کیچ تھاما۔

دنیش چندیمل نے وکٹ کیپر بیٹسمین ڈیکولا کیساتھ ملکر سکور آگے بڑھایا، تاہم محمد عباس کی شاندار گیند پر وکٹ کیپر بیٹسمین بولڈ ہو گئے، اس کے بعد پارٹ ٹائم سپنر حارث سہیل نے دنیش چندیمل کو 74 رنزپر آؤٹ کیا، بیٹسمین کا کیچ شان مسعود نے تھاما۔

حیران کن طور پر سپنر دلروان پریرا نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، انہوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث مہمان ٹیم سکور 271 تک لے گئی۔ دیگر بیٹسمینوں میں کمارا صفر پر بولڈ ہو گئے۔ شاہین شاہ آفریدی 5، محمد عباس نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ حارث سہیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز اوپنر عابد علی اور شان مسعود نے کیا، دونوں کی طرف سے جارحانہ انداز اپنایا گیا۔ دونوں نے وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلیں۔

دوسری اننگز میں 14 اوورز کا کھیل ہی ہوا تھا کہ اس دوران موسم کی خرابی کے باعث میچ روک دیا گیا، پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنا لیے ہیں جبکہ خسارے کو ختم کرنے کے لیے مزید 23 رنز درکار ہیں۔ عابد علی 32 جبکہ شان مسعود 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
 

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ بارش اور کم روشنی کے سبب ڈرا ہو گیا تھا، سری لنکا نے 306 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے تھے۔