اقبال قاسم کو کرکٹ کمیٹی کا چیئر مین بنانے کا امکان

Last Updated On 20 December,2019 05:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین کا نام فائنل کر لیا گیا، عہدہ کا قرعہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کے نام سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ رواں ماہ 8 دسمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے وسیم خان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کرکٹ کمیٹی سے دستبردار ہو گئے ہیں، اب کرکٹ کمیٹی کا نیا چیئرمین سابق کرکٹر ہو گا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین کا اعلان جنوری کے اوائل تک کر دیا جائے گا، کرکٹ کمیٹی آزادانہ ہوگی اور اس کی الگ اہمیت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بطور چیئرمین کرکٹ کمیٹی استعفیٰ دیدیا

خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے 5 رکنی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ قومی ٹیم کے سابق کوچ محسن خان کو بنایا تھا تاہم انہوں نے چیئرمین شپ چھوڑنے کے ساتھ کرکٹ کمیٹی سے بھی علیحدگی اختیار کر لی تھی جس پر وسیم خان کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین کا نام فائنل کر لیا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو کرکٹ کمیٹی کا چیئر مین بنایا جائے گا جس کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق کرکٹر اقبال قاسم نے پاکستان کی طرف سے 50 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے کھیل چکے ہیں، ٹیسٹ میچ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 171 ہے جبکہ ون ڈے میں انہوں نے 12 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ اقبال قاسم اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں متعدد ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، وہ اس سے قبل چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سنبھال چکے ہیں جبکہ پہلے بھی متعدد مرتبہ سلیکشن کمیٹی میں شامل رہ چکے ہیں۔