لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سنچری داغ کر منفرد ریکارڈ اپنا نام کر لیا ہے، وہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی کیساتھ ساتھ دنیا کے نویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عابد علی نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے سنچری سکور بنائی تھی۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری سکور کی تو وہ ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری سکور کرنے والے دنیا کے پہلے مرد کھلاڑی بنے تھے۔
اب راولپنڈی کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی سنچری کر کے وہ پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی تھری فیگر اننگز کھیلی ہے۔
یاد رہے کہ عابد علی سے قبل یہ کارنامہ اظہرالدین، بل پونزفورڈ، ڈاگ والٹرز، ایلون کالی چرن، گریگ بلیویٹ، سارو گنگولی، روہت شرما اور جمی نیشام بھی انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کے سابق کپتان اظہرالدین دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں سکور کیں۔
اس کے علاوہ عابد علی نے اپنے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں 321 رنز بناکر مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جنہوں نے اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں 319 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً ڈیڑھ سو سال پرانی تاریخ اور ون ڈے کرکٹ کی 48 سالہ تاریخ میں کوئی بھی بلے باز دونوں فارمیٹ میں ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے کا عالمی ریکارڈ نہیں بنا سکا۔عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے والے پاکستان کے 12ویں کھلاڑی ہیں۔