سپاٹ فکسنگ سکینڈل: ناصر جمشید سمیت دیگر ساتھیوں کو سزا سنا دی گئی

Last Updated On 09 February,2020 11:42 pm

لندن: (دنیا نیوز) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پاکستان کے سابق کرکٹر ناصر جمشید اور ان کے دیگر ساتھیوں کو سزا سنا دی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرائم ایجنسی نے اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کے بعد کرکٹر ناصر جمشید اور ان کے ساتھیوں یوسف انور اور محمد اعجاز کو سزا سنائی۔

نیشنل کرائم ایجنسی نے تحقیقات کے بعد سپاٹ فکسنگ کے الزام میں ناصر جمشید کو گرفتار کیا تھا، ناصر جمشید اور ساتھیوں نے بنگلا دیش پریمئیر لیگ 2016 اور پی ایس ایل 2017 کے دوران سپاٹ فکسنگ کی کوشش کی۔

مانچسٹر کی کراؤن کورٹ نے ناصر جمشید کو 17 ماہ جبکہ یوسف انور کو ساڑھے 3 سال اور اعجاز احمد کو ڈھائی سال قید کی سزا سنائی۔پولیس نے تینوں ملزمان کو سزا سنائے جانے کے بعد کراؤن کورٹ سے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔

میڈیا رپوٹس کے مطابق بی پی ایل کے دوران بلے باز کو رقم کے عوض اوور کی پہلی دو گیندوں پر رن نہ بنانے پر راضی کیا گیا۔

2016 میں ناصر جمشید نے خفیہ اہلکار کو بتایا کہ بی پی ایل کے 6 کھلاڑی ان کے لیے کام کر رہے ہیں اور فی میچ 30 ہزار پاؤنڈ (60 لاکھ روپے) کی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم ہوئی۔

ناصر جمشید نے شروع میں پی ایس ایل میں رشوت کی تردید کے بعد کورٹ میں اعتراف کیا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ برس ناصر جمشید پر 10 برس کی پابندی عائد کی تھی۔

دوسری طرف ناصر جمشید کی اہلیہ ڈاکٹر سمارا افضل کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے شوہر کو سزا دیگر کھلاڑیوں کے لیے سبق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کا دن میرے لیے بہت ہی مشکل دن ہے، ناصر جمشید نے بہتر زندگی کے لیے شارٹ کٹ راستہ استعمال کیا، میرے شوہر نے سب کچھ کھو دیا، اپنا کیریئر، رتبہ، عزت اور اپنی آزادی بھی کھو دی۔

ناصر جمشید کی اہلیہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے شوہر بہترزندگی کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیل سکتے تھے اور بہتر کارکردگی دکھا کر عالمی کرکٹ میں دوبارہ کھیل سکتے تھے اس طرح انہیں کچھ بھی نہیں کھونا پڑنا تھا۔

ڈاکٹر سمارا افضل کا مزید کہنا تھا کہ خاص طور پر اپنی بیٹی کو جو ان کے بہت زیادہ قریب تھی، لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے، مجھے یقین ہے کہ مستقبل کے نئے نوجوان کرکٹرز ناصر جمشید کی سزا کو سامنے رکھتے ہوئے سبق سیکھیں گے اور کرپشن جیسی زندگی سے دور رہیں گے۔
 

Advertisement