نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اخراجات میں کمی کی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی انعامی رقم میں بھی 50 فیصد کمی کر دی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک بیان کے مطابق آئی پی ایل جیتنے والی ٹیم کو 20 کروڑ بھارتی روپے کے بجائے اب 10 کروڑ (یعنی 13.6 لاکھ ڈالرز) ملیں گے۔
دوسرے نمبر آنے والی ٹیم (رنرز اپ) کو ساڑھے 12 کروڑ(بھارتی روپے) کے بجائے سوا 6 کروڑ روپے ملیں گے۔ اسی طرح کوالیفائرز (سیمی فائنل) ہارنے والی ٹیموں کو بھی اب 4.3 کروڑ روپے ملیں گے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بورڈ کے اوسط درجے کے کسی ملازم کو 8 گھنٹے سے کم طوالت کے فضائی سفر کی صورت میں بزنس کلاس کا ٹکٹ بھی نہیں ملے گا۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ اخراجات میں کمی کے اقدامات کی وجہ سے انعامی رقم میں کمی کی گئی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بورڈ نے یہ اقدامات اس لیے کیے ہیں کیونکہ آئی پی ایل کی فرنچائز (ٹیمیں) اسپانرز سے بھی ایک خطیر رقم کماتی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز (سات کروڑ 75 لاکھ پاکستانی روپے) ملیں گے۔