اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق امریکا نے پاکستان کو اضافی مصنوعات پر ڈیوٹیز میں رعایت سے معذرت کر لی ہے۔
پاک امریکا تجارتی حکام کے درمیان حالیہ مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکا سے جی ایس پی کے تحت مزید رعایتوں کا مطالبہ کیا لیکن امریکا نے اضافی مصنوعات پر ڈیوٹیز میں رعایت سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق امریکا نے پاکستان کو اضافی مصنوعات کیلئے افغانستان سے تجارت کا مشورہ دیا ہے۔ حکومت نے امریکی وزیر تجارت کے حالیہ دورے پر یہ اہم معاملہ اٹھایا تھا۔
امریکی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ امریکا نے افغانستان کو کم ترقی یافتہ ملک ہونے پر 5 ہزار ٹیرف لائنز پر رعایت دی ہے لیکن پاکستان کم ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں نہیں آتا۔ پاکستان 1500 اضافی ٹیرف لائنز میں افغانستان کے ساتھ تجارت کا میکنزم بنائے۔