عمران خان کی وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کی خواہش کیساتھ کرکٹ شروع کی: وسیم اکرم

Last Updated On 12 April,2020 05:07 pm

کراچی: (سپورٹس ڈیسک) سابق قومی کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ حالیہ کرکٹرز محض اپنی خاطر کرکٹ کھیلتے اور سینئرز کے نقش قدم پر نہیں چلتے ہیں جبکہ سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھی ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کی خواہش کے ساتھ کرکٹ شروع کی تھی۔

یوٹیوب ویڈیو میں معین خان اور وسیم اکرم کا مختلف ادوار کے پلیئرز پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ موجودہ کرکٹرز صرف اپنے لئے کرکٹ کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا کردار ماضی کے کھلاڑیوں سے قدرے مختلف دکھائی دیتا ہے۔

معین خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دور میں پہلے کے کھلاڑیوں کو آئیڈیل بنا کر اسی بلندی پر پہنچنے کی کوشش کرتے تھے جہاں تک انہوں نے رسائی حاصل کی اور موجودہ نسل میں اسی چیز کا فقدان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر یہ سوال کرتے ہیں کہ ان کے دور میں غیر معمولی کرکٹرز سامنے آتے تھے جس کی وجہ یہی تھی کہ پہلے ماضی کے کھلاڑیوں کو آئیڈیل سمجھا جاتا تھا مگر موجودہ کھلاڑی اپنی کارکردگی کا دوسروں سے موازنہ ہی نہیں کرتے جبکہ بہت زیادہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے انہیں اپنی کارکردگی میں تسلسل قائم رکھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تو ان کا پہلا مقصد عمران خان کے ریکارڈز کو عبور کرنا تھا اور ہر کھلاڑی کے ذہن میں یہی بات ہونی چاہئے کہ وہ پہلے والوں سے زیادہ رنز بنائے اور وکٹیں حاصل کرے۔

سابق پیسر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے آئیڈیل کھلاڑیوں کا جائزہ لیتے تھے کہ انہوں نے کھیل میں کیا کارنامے دکھائے اور ان کے کھیل کا کیا طریقہ کار تھا۔ معین خان کا کہنا تھا کہ انضمام الحق کیریئر کے دوران اکثر ان کے روم میٹ رہے جو اسی انداز سے سوچتے تھے کہ انہیں فلاں سے زیادہ رنز سکور کرنے ہیں۔