تفضل رضوی کیخلاف سخت بیان، شعیب اختر کیخلاف قانونی کارروائی کر سکتے ہیں: پی سی بی

Last Updated On 29 April,2020 07:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے قنونی مشیر تفضل رضوی کے خلاف سخت بیان دیکر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر مشکل میں پھنس گئے۔ پی سی بی نے ان کے بیان پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعیب اختر کیخلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (‏پی سی بی) کا شعیب اختر کے بیان پر ردعمل سامنے آ گیا ہے، یہ بیان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ‏شعیب اختر کے عوام کے سامنے کیے جانے والے تبصرے کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے شعیب اختر نے پی سی بی کے لیگل ڈیپارٹمنٹ اور قانونی مشیر کے خلاف جس طرح الفاط کا چناؤ کیا ہے اس پر مایوسی ہوئی ہے، شعیب اختر نے جس زبان کا استعمال کیا ہے وہ انتہائی غیر مناسب اور ہتک آمیز ہے اور کسی بھی مہذب معاشرے میں اسے نظر اندز نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ تفضل رضوی نے اپنی ذاتی حیثیت میں شعیب اختر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر اور فوجداری مقدمے کا آغاز کیا ہے، پی سی بی بھی اس حوالے سے اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔