فکسنگ کیس: اپنے متعلق منفی باتیں سن کر افسردہ ہو جاتا ہوں: وسیم اکرم

Last Updated On 07 May,2020 07:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اپنے متعلق منفی باتیں سن کر افسردہ ہو جاتا ہوں، لوگ آج بھی میرا نام لے کر اپنی دکان چمکاتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ باولر وسیم اکرم نے ایک ویب شو میں کیا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ 17 برس پہلے ریٹائر ہوگئے تھے لیکن ‏ لوگ آج بھی میرا نام لیتے ہیں اور میرے نام پر دکان چمکاتے ہیں جس پر مجھے افسوس ہوتا ہے۔ منفی باتیں انہیں بھی آتی ہیں لیکن وہ نظر انداز کرتے ہیں۔

‏انہوں نے کہا کہ میرے کچھ دوست ہیں جو کہ بہت اچھے ہیں ، ان کے ساتھ وقت گزارتا ہوں، منفی باتوں کے لئے کبھی وقت نہیں تھا ۔

سلیم ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وہ میرا پہلا روم میٹ تھا، 1985ء میں وہ بہت بڑا سٹار تھا، ڈیبیو پر سو کیا ہوا تھا ، تاہم آف دی فیلڈ سلیم ملک سے مجھے اتنی مدد نہیں ملی۔

یہ بھی پڑھیں: فکسنگ کیس: میرا کیریئر وسیم اکرم کی وجہ سے تباہ ہوا: عطاء الرحمن

واضح رہے کہ میچ فکسنگ پر 20 سال بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کے کہنے پر کمیشن کے سامنے بیان بدلا تھا۔ سابق کپتان کی وجہ سے کرکٹ کیریئرتباہ ہوا۔

سابق فاسٹ باؤلر عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن کے سامنے وسیم اکرم کے کہنے پر بیان بدلا۔ ان کی وجہ سے کرکٹ کریئرتباہ ہوا، اب خاموش نہیں رہوں گا۔ وسیم اکرم کو دنیا کے سامنے اعتراف کرنا ہو گا۔

عطا الرحمان نے راشد لطیف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ وسیم اکرم فکسنگ میں ملوث ہیں تو وسیم اکرم کو اپنی کپتانی میں کیوں کھلایا؟

انہوں نے سابق کپتان پر طنز کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو جوا لیگ کہنے والے راشد لطیف پھر اس میں شامل کیوں ہوئے۔