لاہور: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سابق کرکٹر اور سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ نمایاں بلے بازی کے لیے کارکردگی میں تسلسل لانا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور ایمرجنگ بلے بازوں کو کریز پر مزاحمت کرنے کا جذبہ پیداکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کھلاڑیوں سے ایک اچھے بیٹسمین کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بہتری لانے پر بھی زور دیا۔
یونس خان نے کہا کہ فیلڈنگ میں بہتری کھلاڑی کی انفرادی محنت پر منحصر ہوتی۔
یونس خان نے موجودہ کھلاڑیوں کو مضبوط کردار اور قربانی کا جذبہ پیدا کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے ٹوٹی ہڈیوں کے ساتھ بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔
Former captain and highest run scorer for Pakistan in Tests, @YounusK75 conducting an online session with current and emerging national cricketers to help them remain focused and make optimum use of their time in the wake of Covid-19 lockdown. pic.twitter.com/DTjsI52d96
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 7, 2020
انہوں نے کہا کہ بڑا کرکٹر بننے کے لیے زندگی میں خود کو چیلنج کرنا سیکھیں، جب آپ خود سے سوال کریں گے تو بہتری کی جانب بڑھیں گے۔
سابق کپتان یونس خان کا آن لائن لیکچر میں کہنا تھا کہ دیانتداری اور جامع منصوبہ بندی ایک عام کھلاڑی کو لیجنڈ کرکٹر میں تبدیل کردیتی ہے۔
عمران خان کی مثال دیتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اپنی زندگی میں ان کی دیانتداری اور منصوبہ بندی نے انہیں وزیراعظم کے منصب تک پہنچا دیا ہے۔
خیال رہے کہ یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچوں میں 10099رنزبنائے۔ طویل طرز کی کرکٹ میں 52.5 کی اوسط سے رنز بنانے والے یونس خان کے کیریئر میں 34 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بالترتیب 7249 اور442 رنز بنائے۔
پی سی بی کی جانب سے منعقدہ آن لائن سیشنز میں سابق کھلاڑیوں کا موجودہ کرکٹرز کو آن لائن لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل ماضی کے عظیم کرکٹرز جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد ،محمد یوسف اور شعیب اختربھی قومی کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دے چکے ہیں۔