لاہور: (روزنامہ دنیا) نوعمر پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دورہ انگلینڈ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ انگلش ماحول میں پہلی بار کھیلتے ہوئے کارکردگی دکھانے اور سیکھنے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ پر سماجی فاصلوں کا خیال رکھنا کافی مشکل ضرور ہے لیکن موجودہ حالات میں اس کے سوا کوئی راستہ بھی نہیں کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے کیونکہ کورونا وائرس سے بچاؤ تو کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کھلاڑیوں کی یہی کوشش ہوگی کہ فیلڈ پر احتیاط کی جائے اور جب حالات بہتر ہو جائیں گے تو پھر سب کچھ پہلے جیسا نارمل ہو جائے گا۔
نو عمر فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ گیند کو چمکانے کیلئے کھلاڑیوں کی اپنی عادات ہیں لیکن اب ان پر بھی عمل کرنا ہوگا اور اگر کوئی متبادل طریقہ وضع کیا گیا تو وہ بھی اس کی پاسداری کریں گے لیکن درست اندازہ اسی وقت ہو سکے گا جب وہ میدان پر اتر کر کھیل میں حصہ لیں گے کہ لعاب کے استعمال کے بغیر گیند کی چمک اور سوئنگ پر کیا فرق پڑے گا۔
سنٹرل کنٹریکٹ کے حصول پر خوشی کا اظہار کرنے والے پیسر کا کہنا تھا کہ انہیں جس فارمیٹ پر موقع ملا اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے۔