پی سی بی نے یونس خان کو بیٹنگ، مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا

Last Updated On 09 June,2020 12:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی نے ٹیم پاکستان کے دورہ انگلینڈ کی تیاریاں تیز کر دیں، لیجنڈری یونس خان بیٹنگ جبکہ مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔

بابائے کرکٹ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پی سی بی نے یونس خان اور مشتاق احمد کو کوچنگ کی ذمہ داریاں سونپ دیں، دونوں کھلاڑی قومی ٹیم کو بیٹنگ اور اسپن بولنگ ٹِپس دیں گے۔

پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں مصباح الحق ہیڈ کوچ جبکہ وقار یونس بولنگ کوچ بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر ہیں، انگلینڈ جیسے اہم دورے کیلئے یونس خان سے جب رابطہ کیا گیا تو اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے ان کا جذبہ دیدنی تھا۔
وسیم خان نے مزید کہا کہ یونس خان موجودہ کھلاڑیوں کیلئے بہت قابل احترام ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑی ان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔