’شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کا ’ڈبلیوز‘ کے ساتھ موازنہ کرنا قبل از وقت ہے‘

Last Updated On 21 July,2020 04:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کا ’ڈبلیوز‘ (وسیم اکرم اور وقار یونس) کے ساتھ موازنہ کرنا قبل از وقت ہے۔ امید ہے دونوں پاکستان کے لئے اچھا کھیل سکتے ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں اب تین ہفتے گزار چکے ہیں۔ کیمپ جیسا ماحول ہے، ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس کیمپ سے بےحد خوش ہوں، ہر قسم کی سہولیات مل رہی ہیں، 010 فیصد مطمئن ہوں، امید ہے سیریز سے قبل اس ہوزیشن میں ہوں گے کہ انگلینڈ کو چیلنج کر سکیں۔

وقار یونس خان کا کہنا تھا کہ اتنا عرصے میں موسم اور کنڈیشنز کا ادراک ہو گیا ہے، سکواڈ میں فاسٹ اور سپین باولرز موجود ہیں، محمد عامر ہماری وائٹ بال کرکٹ کا مستقل حصہ ہیں، محمد عامر سینئر باولر ہیں، انگلینڈ کی کنڈیشنز کو سمجھتے ہیں، اگر دستیاب ہیں تو انہیں بھی موقع دینا چاہیے تھا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان کرکٹ کی ضرورت ہو گی اس کے لئے دروازے کھلے ہیں، پاکستان کا انگلینڈ میں ٹریک ریکارڈ بہترین ہے، امید ہے انگلینڈ میں موجودہ ٹیم بھی مایوس نہیں کرے گی، انگلینڈ میں وکٹس پہلے جیسے نہیں، ٹیم سلیکشن کا فیصلہ میچ سے پہلے کریں گے۔

باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ تین ماہ کرکٹ سے دور رہنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کو زیرو سے شروع کرنا پڑا۔ بال پر تھوک نہ لگانے کی وجہ سے بہت سارے شبہات تھے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز کے میچز سے اندازہ ہوا ہے کہ پسینے سے بھی بال بہتر رکھی جا سکتی ہے، جو اچھی باولنگ کرے گا وہی ٹیم کا حصہ ہو گا۔ ٹیم کے اندر اگر مقابلا ہو تو ٹیم کا ہی فائدہ ہوتا ہے۔

وقار یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں اچھے فاسٹ باولرز کسی نعمت سے کم نہیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کا وسیم اکرم اور وقار یونس کے ساتھ موازنہ کرنا قبل از وقت ہے۔ امید ہے نسیم شاہ اور شاہین آفریدی ہاکستان کے لئے اچھا کھیل سکتے ہیں۔