پریکٹس میچ سے قبل باؤلنگ کوچ وقار یونس نے لیٹ سوئنگ کا فن سکھایا: سہیل خان

Last Updated On 22 July,2020 04:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم فاسٹ باؤلر سہیل خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل پریکٹس میچ سے قبل وقار یونس نے لیٹ سوئنگ کا فن سکھایا جس کا بہت زیادہ فائد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے جانے والے پہلے چار روزہ انٹر اسکواڈ پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سہیل خان نے اپنی عمدہ کارکردگی کا کریڈٹ باؤلنگ کوچ وقار یونس کو دے دیا۔

انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ میں انگلش کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے والے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے اس سے قبل 2016ء میں دورہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں 25 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کی تھیں، اس سیریز میں انہوں نے دو مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں بھی اپنے نام کی تھیں، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔

فاسٹ باؤلر سہیل خان کا کہنا تھا کہ سابق لیجنڈز وسیم اکرم اور وقار یونس میرے پسندیدہ باؤلرز ہیں، موجودہ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے لیٹ سوئنگ کا فن سکھایا۔ جس کی بدولت ایک اننگز میں پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔

انہوں نے کہا کہ باؤلنگ کوچ وقار یونس ایک لیجنڈ ہیں اور سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی انکی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں، 4 سال بعد قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی پر بہت خوش ہیں۔ پرامید ہیں کہ ماضی کی طرح وہ ایک بار پھر انگلش کنڈیشنز میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت کرکٹرز ہیں۔ دونوں فاسٹ باؤلرز کی عمدہ کارکردگی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔