لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ اور اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم کے کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محمد حفیظ نے پی سی بی کی طرف سے بائیو سیکیور قانون کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد انہیں قرنطنیہ میں بھیج دیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قرنطینہ میں محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کے بعد ان کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے، ان کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم کا بھی کورونا وباء کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔ دونوں اراکین نے ساؤتھ ہمپٹن میں سکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بائیو سیکیور کی خلاف ورزی، محمد حفیظ کو آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ
دوسری طرف آل راونڈر شعیب ملک 15 اگست کو ساؤتھ ہمپٹن پہنچیں گے، فاسٹ باؤلر محمد موسیٰ 14 اگست کو سکواڈ سے الگ ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیم ہوٹل سے متصل گولف کورس گئے جوکہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہے۔ اس دوران انہوں نے ایک عام فرد کے ساتھ تصویر بنوائی اور بعدازاں اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کردیا۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کی، اس تصویر میں وہ ایک 90 سالہ خاتون کیساتھ نظر آ رہے ہیں، اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ گالف کھیلنے کے لیے ایک گراؤنڈ میں موجود ہیں تاہم انہوں نے پی سی بی کی طرف سے متعارف کرائے گئے سماجی فاصلے کے قانون کی خلاف ورزی کی۔