امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار، حیدر علی پر جرمانہ عائد

Published On 03 October,2020 08:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میچ میں نوجوان بیٹسمین حیدر علی کو امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر حیدر علی پر جرمانہ عائد کیا گیا ، ناردرن کے بیٹسمین حیدر علی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا،ان کو سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

واقعہ میچ کی پہلی اننگز کے نویں اوور کے دوران پیش آیا حیدر علی نے عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دئیے جانے کے فیصلے پر امپائر کو بلا دکھایا۔

آن فیلڈ امپائرز آفتاب گیلانی اور فیصل خان، تھرڈ امپائر ولید یعقوب اورفورتھ امپائرناصر حسین نے پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔ حیدرعلی کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری افتخار احمد نے حیدر علی پر جرمانہ عائد کردیا۔