راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور زمبابوے کے مابین تیسرے اور آخری ون ڈے میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاہینوں کو 279 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ زمبابوے پر بھاری ثابت ہوا، میچ کا آغاز شاہینوں نے اوپنر چبھابھا کو صفر سکور پر پویلین بھیج کر کیا، محمد حسنین کی بال پر افتخار احمد نے زمبابوین بلے باز کا کیچ پکڑا۔ چبھابھا کے بعد ایرون کریز پر آئے جو صرف ایک رن بنا کر محمد حسنین کی ہی بال پر محمد رضوان کو کیچ پکڑا گئے۔ محمد حسنین کے ہاتھوں تیسرا شکار بی بی چیری تھے جو محض 9 رنز بنا سکے۔ 3 وکٹوں کے نقصان اور نویں اوور کے اختتام پر زمبابوے کے سکور بورڈ پر محض 23 رنز تھے۔
ولیم اور ٹیلر کی شراکت داری میں زمبینز کی پوزیشن بہتر ہوئی۔ ٹیلر کے 5 اور ولیم کے ایک چوکے نے زمبابوے ٹیم کو سہارا دیا اور مجموعی سکور 63 تک جا پہنچا۔ ٹیلر نے 56 رنز بنائے تھے کہ محمد حسنین کی ہی بال پر آوٹ ہو گئے۔ مدھیویر کریز پر آئے تو4 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد محمد حسنین کا شکار ہوئے، یوں آج محمد حسنین نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ولیم کی کارکردگی بہت شاندار رہی انہوں نے 13 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 118 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ سکندر رضا 45 رنز بنا سکے اور وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ آخری بلے باز اوورز ختم ہونے کے سبب صرف 1 سکور بنا سکے۔ یوں 50اوورز کے اختتام تک زمبابوے ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔ پاکستان کو جیت کیلئے 279 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہو گا۔
قبل ازیں قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں، عابد علی، عماد وسیم، وہاب ریاض اور فخر زمان کی جگہ ظفر گوہر، عبداللہ شفیق، خوشدل شاہ اور محمد حسنین کو ٹیم میں نمائندگی دی گئی ہے۔ ٹاس کے بعد کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم نے مسلسل فتوحات کے بعد سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی ہے، اپنی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ کے کم بیک کو وائٹ واش سے یادگار بنانے، آئی سی سی رینکنگ میں ریٹنگ پوائنٹ حاصل کرنے کے لیے پرجوش کپتان بابر اعظم کا مرد میدان افتخار احمد سمیت کھلاڑیوں پر مان بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب مہمان زیمبین کی بھی جیت پر نظریں ہیں، ون ڈے سیریز کا اختتام کامیابی پر کرنے کے دعوے سے کرکٹ دیوانوں کی دلچسپی بڑھ گئی۔