بابر اعظم قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

Published On 10 November,2020 07:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کپتان بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا بھی کپتان مقرر کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بطور ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کی پہلی ذمہ داری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنا ہو گا، دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہو گا۔

بابر اعظم کو اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تھی۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے اس تقرری کی منظوری منگل کی شام کو اظہر علی سے ملاقات کے بعد دی، ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا، اس دوران انہوں نے بابر اعظم سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس تقرری پر مبارکباد پیش کی۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اور وہ ایک سپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین بھی ہیں، اظہر علی کی بہت کرکٹ باقی ہے، یقین ہے کہ تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

دوسری طرف بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخر اور خوشی محسوس کر رہے ہیں کیونکہ ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہو گیا ہے کہ جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہیں اور اس سےاعتماد میں اضافہ ہو گا، یقین ہے کہ وہ کام اور بہتر انداز سے کر سکیں گے۔ گزشتہ سیزن مشکل تھا اور جس طرح اس سیزن میں اظہر علی نے قیادت کی وہ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔