ویلنگٹن: (دیب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن فٹنس مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی ہے کہ لوکی فرگوسن کو ریڑھ کی ہڈی میں جزوی تناؤ کے فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے اور انہیں تربیت میں واپسی سے قبل چار سے چھ ہفتوں کی آرام کی ضرورت ہوگی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق فرگوسن کو فٹنس مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کو ایکشن میں آنے کے لئے چار سے چھ ہفتے درکار ہوں گے۔ لوکی فرگوسن کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران کمر کے بائیں جانب تکلیف ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے 29 سالہ فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن ان فٹنس مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ سپر مارش میں آکلینڈ ایسز کی بھی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
سپر مارش فروری کے وسط تک جاری رہے گا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق لوکی فرگوسن کی انجری اس نوعیت کی نہیں کہ ان کو سرجری کی ضرورت ہو لیکن لوکی فرگوسن کو آئندہ گرمیوں میں ہوم سیزن میں کھیلنے کے لئے آرام اور بحالی صحت کی مدت کو پورا کرنا ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے کہا ہے کہ ہم سب کو لوکی فرگوسن کے مکمل ٹھیک ہونے تک اس کی کمی محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انجریز یقیناً ہر کھیل کا حصہ ہوتیں ہیں لیکن جب کوئی کھلاڑی انجری کا شکار ہو کر کھیل سے باہر ہوتا ہے تو اس کھلاڑی کی کمی کا اثر ٹیم پر ضرور ہوتا ہے۔ گیری سٹیڈ نے مزید کہا کہ لوکی فرگوسن کیوی ٹیم کا بہترین کھلاڑی اور ایک بہت بڑا اثاثہ ہے۔ گیری نے امید ظاہرہ کی ہے کہ لوکی بہت جلد صحت یاب ہوکر ٹیم کو حصہ ہوگا۔