پاکستان سپر لیگ کے بعد کشمیر پریمیئر لیگ کے آغاز کی تیاریاں جاری

Published On 17 December,2020 10:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے بعد کشمیر پریمیئر لیگ کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں، 'کھیل آزادی' کے سلوگن کے ساتھ شاہد آفریدی، بابر اعظم سمیت تمام قومی کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ منتظمین کہتے ہیں کے پی ایل کسی بھی طرح بین الاقوامی معیار کی کرکٹ لیگ سے کم نہیں ہوگی۔

کرکٹ کا جنون اب کشمیر میں نظر آئے گا، کشمیر کے میدانوں میں بھی چوکوں، چھکوں کی برسات ہو گی، کشمیر پریمئیر لیگ کا میلہ سجے گا جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے ہونے والی کشمیر پریمیئر لیگ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں مظفر آباد ٹائیگرز، میر پور رائلز، کوٹلی پینتھرز، راولاکوٹ ہاکس، باغ اسٹیلیئنز اوورسیز وارئیرز شامل ہیں۔ لیگ کے سی ای او کہتے ہیں کوشش ہے کہ کے پی ایل بھی ایک برینڈ بن کر سامنے آئے۔

کشمیر پریمئیر لیگ کے چئیرمین ملک عارف بھی پُرعزم ہیں کہ لیگ کے ذریعے کشمیر کا بہترین کرکٹ ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

کشمیر پریمیئر لیگ مظفر آباد اور میرپور میں 26 مارچ سے 8 اپریل تک کھیلی جائے گی اور تمام انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں گے۔
 

Advertisement