لاہور: (روزنامہ دنیا) محمد عامر کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بیان پر قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کہ یہ پاکستان کرکٹ کیلئے اچھا نہیں ہے، اگر کھلاڑی اس طرح دل شکستہ ہوں گے تو یہ اچھی چیز نہیں ہے، عامر کو ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کرنی چاہیے جبکہ مینجمنٹ کو بھی چاہیے کہ جب کسی بڑے پلیئر کو ڈراپ کریں تو اس کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عامر کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میرے لیے حیران کن ہے کیونکہ زندگی میں چیلنجز آتے ہیں اور ضروری نہیں ہے کہ ہر بندہ آپ کے حق میں ہو، کچھ لوگ ہوتے ہیں جو کہ الگ سوچ رکھتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا جائے۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ‘محمد عامر ریٹائر ہوگئے، سپر سٹار کے یوں باہر چلے جانے کا افسوس ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے میں بہت سے نوجوانوں کیلئے سبق ہے۔
سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ عامر کی مینجمنٹ سے شکایتیں پرانی ہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ عامر اگر پرفارمنس دیتے تو انہیں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا تھا، بدقسمتی سے عامر کی اچھی پرفارمنس نہیں رہی۔