کراچی: (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں پاکستان کی 6 وکٹوں کے نقصان پر بیٹنگ جاری ہے۔
تاریخی سیریز کے دوسرے روز پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ فواد عالم اور اظہر علی میدان میں اترے، بیٹنگ لائن کو سہارا دیتے ہوئے اظہر علی نے ففٹی سکور کی تاہم اگلے ہی لمحے51 رنز پر مہاراج کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ محمد رضوان نے 33 سکور پر ڈپلیسی کو کیچ پکڑایا تاہم فواد عالم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 8 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف کی شراکت داری میں 208 کے مجموعے پر کریز پر موجود ہیں۔ گذشتہ روز کیرئر کے پہلے امتحان کی پہلی اننگز میں اوپنر عمران بٹ 9 رنز بنا سکے، عابد علی چار جبکہ کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
ہچکولے کھاتی قومی بیٹنگ لائن کو مہمان جنوبی افریقی برتری ختم کرنے کا چیلنج درپیش ہے، کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز پروٹیز نے 220 رنز بنائے، ڈین ایلگر 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔