لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ نے بھارت کو چنائی ٹیسٹ 227 رنز سے ہرا کر چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، مہمان کپتان جو رُوٹ نے 218 رنز کی سپر اننگز پر مین آف دی میچ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
گھر کے شیر گھر ہی میں ڈھیر، سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ میچ میزبان بھارتیوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا۔ مہمان انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کے خوب جوہر دکھائے، کپتان جورُوٹ قیمتی 218 رنز کی بدولت مرد میدان قرار پائے۔
پہلی اننگزمیں انگلینڈ کا 578 کا پہاڑ جیسا ٹوٹل بنا جس سے نام نہاد بھارتی سورما بوجھ تلے دب گئے، جواب میں 337رنز بنائے۔ دوسو اکتالیس رنز کی برتری کے ساتھ مہمان انگلش کھلاڑیوں نے ایک سو اٹھہتر رنز بنا کر سورماؤں کو گویا چارسوبیس لگا دی۔
کپتان ویرات کوہلی نے بمشکل 72 کی مزاحمت کی، پوری ٹیم 192 رنز پر ڈھیر ہوئے اور 227 رنز کی بری شکست کھائی۔ مہمان انگلش ٹیم نے ایک تیر سے دو شکار کئے، چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری پر ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تیس پوائنٹس ملے، ٹاپ پوزیشن مستحکم کر لی۔