پی ایس ایل6: پی سی بی کی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش

Published On 03 March,2021 10:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سپر لیگ 6 میں شریک تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش کرتا ہے۔

پی سی بی نے اپنی ڈیوٹی آف کیئر پالیسی کے یہ فیصلہ لیگ کے تمام شرکاء کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا ہے۔ ویکسین کی یہ ڈوز جمعرات کو لگائی جائے گی تاہم یہ اختیار کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پاس ہو گا کہ آیا وہ کورونا ویکسین لگوانا چاہتے ہیں یا نہیں۔

پی سی بی گزشتہ چند عرصے سے قومی اور وفاقی حکومت کے عہدیداران سے رابطے میں تھا، جہاں انہیں قومی کرکٹ ٹیم کی بین الاقوامی مصروفیات اور پی ایس ایل کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ تمام کھلاڑیوں اور آفیشل کی صحت کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اپنی ڈیوٹی آف کیئر پالیسی کے تحت ہم نے کورونا ویکسین کا ایک حصہ حاصل کیا ہے، جسے پی ایس ایل 6 کے بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام افراد کو لگانے کی پیشکش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے کورونا وائرس کی یہ ویکسین لگوانا لازمی قرار نہیں دیا گیا ، ویکسین کی یہ ڈوز حکومتی پروٹوکولز کے عین مطابق کوالیفائیڈ ہیلتھ ورکرز کے ذریعے لگائی جائے گی۔
 

Advertisement