پی ایس ایل6: پہلے بیٹنگ کرنیوالی ٹیم نے فتح کو گلے لگا لیا، گلیڈی ایٹرز ’سرفراز‘

Published On 03 March,2021 07:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں تاریخ بدل گئی، ایونٹ کے 14 ویں میچ میں پہلی بار پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے فتح کو گلے لگا لیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو پچھاڑ دیا۔

177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز جیمز وینس اور کپتان محمد رضوان نے آغاز کیا، دونوں نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے ففٹی رنز کی پارٹنر شپ بنائی، 63 کے مجموعی سکور پر ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ گری، جیمز وینس 24 رنز بنا کر قیس احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔

شان مسعود بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 65 کے مجموعی سکور پر ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قیس احمد کے حصے میں وکٹ آئی۔ ریلی روسو 8 گیندوں پر تین رنز بنا کر عثمان خان کو کیچ دے بیٹھے، ایک مرتبہ پھر وکٹ قیس احمد کے حصے میں آئی۔

میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے چھٹے ایونٹ میں تیسری نصف سنچری مکمل کی۔

صہیب مقصود نے محمد نواز کی آسان گیند پر کٹنگ کو کیچ پکڑوا دیا۔ انہوں نے 2 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ 12 گیندوں پر 19 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حسنین نے وکٹ حاصل کی۔ کارلوس بریتھویٹ کی اننگز 4 تک محدود رہی۔

محمد رضوان کی مزاحمتی اننگز کا خاتمہ زاہد محمود نے وکٹ کیا، سلطانز کے کپتان نے 66 رنز کی باری کھیلی۔ سہیل خان کی باری 8 سکور پر ختم ہوئی۔ سپنر نے وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم 154 رنز بنا سکی۔ اس طرح یہ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 22 رنز سے جیت لیا۔ قیس احمد نے تین مہرے کھسکائے۔ محمد حسنین اور زاہد محمود کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بیٹنگ:

 اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان اوپنرز عثمان خان اور صائم ایوب نے زبردست انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور شروع میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے۔ دونوں کے درمیان 69 رنز کی پارٹنر شپ بنی جس کا خاتمہ عمران طاہر نے کیا۔

122 کے مجموعی سکور پر عثمان خان 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ فاف ڈوپلیسی کی باری کا خاتمہ سہیل خان نے کیا، فاسٹ باؤلر کی گیند پر بیٹسمین 17 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد 3 سکور بنا کر عمران خان سینئر کی گیند پربولڈ ہو گئے۔

دیگر بیٹسمینوں میں اعظم خان 17، بین کٹنگ 10 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، محمد نواز 20 جبکہ قیس احمد 2 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 176 رنز بنا لیے ہیں۔ شاہنواز دھانی اور عمران طاہر نے دو دو شکار کیے۔

ملتان سلطانزسکواڈ:
محمد رضوان (کپتان)، جیمز وینس، شان مسعود، ریلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھویٹ، سہیل خان، عمران خان، عمران طاہر، شاہنواز دھانی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:
سرفراز احمد (کپتان) فاف ڈوپلیسی، عثمان خان، اعظم خان، صائم ایوب، بیٹن کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین، قیس احمد