فخرزمان کی 193 رنز کی تاریخی اننگز،شائقین دوسرے میچ کی شکست بھول گئے

Published On 04 April,2021 09:22 pm

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا۔ فخر زمان ٹارگٹ کے تعاقب میں آخری وقت تک ڈٹے رہے۔ انہوں نے 193 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔

فخر زمان دوسرے اوپنر امام الحق کے ہمراہ میدان میں اترے اور آخری اوور تک مخالفین گیند بازوں کے پرخچے اڑاتے رہے۔ اگر وکٹ کی دوسری سائیڈ پر کوئی دوسرا کھلاڑی ذمہ داری سے کھیلتا تو اس میچ میں بھی پاکستان کی فتح یقینی تھی لیکن کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر ٹک نہ سکا۔

فخر زمان کی دھواں دار بیٹںگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے تن تنہا 193 رنز بنائے۔

انہوں نے 155 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں اعت 10 چھکوں کی مدد سے کرکٹ کی تاریخ کی یادگار اننگز کھیلی اور جوہانسبرگ کے میدان میں سب سے زیادہ رنز کا انبار لگانے والے کھلاڑی قرار پائے۔

دیگر بلے بازوں کی کارکردگی کی بات کی جائے تو امام الحق 5، کپتان بابر اعظم 31، محمد رضوان صفر، دانش عزیز 9، شاداب خان 13، آصف علی 19، فہیم اشرف 11، شاہین شاہ آفریدی 5، حارث رؤف 1 اور محمد حسنین 12 رنز بنا سکے۔

پروٹیزکی جانب سے اینرچ نورٹجے 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ اینڈائل نے دو جبکہ شمسی۔ ربادا اور نگیڈی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو کھیلنے کی دعوت دی جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ٹیمبا بیوما سب سے کامیاب بلے باز رہے، انہوں نے 102 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 92 رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں کونیٹین ڈی کاک 80، وین ڈرسن 60 جبکہ ایڈین مارکرم 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔

پاکستان کے نوجوان باؤلر حارث رؤف کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 54 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر گیند بازوں شاہین آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف کے حصے میں صرف ایک، ایک وکٹ آئی۔