لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کرکٹرز نے گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف اوپنر فخر زمان کی 193 رنز کی اننگز کو ’ون مین شو‘ قرار دیدیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ فخر زمان نے ون مین شو بیٹنگ کی اور بہت زبردست اننگز کھیلی۔ وکٹیں گرنے کے باوجود اوپنر کی بیٹنگ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔سب اچھی بات تھی کہ اننگز کے دوران پارٹنر شپ بنتیں رہیں۔ آخر میں جس طرح جارحانہ بیٹنگ کی وہ بہت ہی اعلیٰ تھی۔ 200 سکور نہ کرنے پر افسوس بھی ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ اننگز دیکھ کر بہت مزہ آیا، انہوں نے میراتھن رنز کو اکیلے طے کرنیکی کوشش کی۔ ان کو بہت زیادہ سراہنے کی ضرورت ہے۔ مجھے ذاتی طور پر بہت خوشی ہے کہ انہوں نے جس طرح اننگز کھیلی وہ قابل تعریف ہے۔
ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ فخر زمان نے تن تنہا اتنے بڑے ہدف کے تعاقب میں زبردست شاٹس کھیلیں، جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں فخر زمان کی اننگز ٹیم کے لیے بہت مفید رہے گی، میری لائیو کرکٹ کی یہ سب سے بہترین اننگز تھی۔
قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا کہ اننگز کی سب سے اچھی بات فخر زمان کا نیا انداز اپنانا تھا، انہوں نے ثابت کیا کہ وہ ایک لمبی اننگز کھیل سکتے ہیں، انہوں نے میدان کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے۔
قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی اننگز بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں، فخر زمان کی پاور ہٹنگ شاندار تھی، فخر نے ثابت کیا کہ وہ تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔