دورہ بنگلا دیش، انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر قاسم اکرم کے سپرد

Published On 08 April,2021 06:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا کہ دورہ بنگلا دیش کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت ابھرتے ہوئے نوجوان آل رائونڈر قاسم اکرم کریں گے۔

18 سالہ قاسم اکرم نے گزشتہ سال جنوبی افریقا میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ ایونٹ سے واپسی پر نوجوان بیٹنگ آل رائونڈر کو عمدہ صلاحیتوں کی بدولت سینٹرل پنجاب میں شامل کیا گیا، جہاں انہوں نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 8 فرسٹ کلاس، 12 لسٹ اے اور 10 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے۔

قاسم اکرم پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کے سکواڈ کا بھی حصہ رہے۔ انہوں نے پاکستان کپ کے 12 میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی بدولت 57.75 کی اوسط سے 462 رنزبنانے کے ساتھ ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

نوجوان آل رائونڈر نے قائداعظم ٹرافی کی 14 اننگز میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 35.36 کی اوسط سے 389 رنز اسکور کیے، اس ایونٹ میں انہوں نے 13 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں قاسم اکرم نے 6 میچوں میں 72 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے، اعتماد کا اظہار کرنے پر وہ ٹیم انتظامیہ کے مشکور ہیں، گزشتہ ایک سال سے کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ اپنی صلاحیتوں کو ٹیم کی قیادت میں بروئے کار لانے کی ہر ممکن کوشش کرروں گا، تاکہ آئندہ سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد مل سکے۔ دورہ بنگلہ دیش قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مفید تجربہ ثابت ہوگا۔

دوسری طرف دورے کے لیے حتمی 17 رکنی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

عاصم علی، ارحم نواب او رضوان محمود حتمی سکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے تاہم یہ تینوں کرکٹرز سکواڈ کی 17 اپریل کو بنگلا دیش روانگی تک تربیتی کیمپ کا حصہ رہیں گے۔

حتمی 17 رکنی اسکواڈ میں قاسم اکرم کپتان، عباس علی، عبد الفصیح ، عبدالواحد بنگلزئی ، عالیان محمود، احمد خان ، علی اسفند ، فہد منیر ، فیصل اکرم ، حسیب اللہ ، معاذصداقت ، محمد عرفان نیازی، محمد شہزاد، منیب واصف رضا المصطفٰی ، طاہر حسین اور ذیشان ضمیر شامل ہیں۔

سپورٹ سٹاف میں اعجاز احمد ہیڈ کوچ اور ٹیم منیجر ، عمران اللہ ٹرینر، رائونڈر افتخارانجم بائولنگ کوچ ، مہتشم رشید فیلڈنگ کوچ ، حافظ نعیم فزیو تھراپسٹ ، کرنل (ر) صفدر سعید سیکورٹی منیجر ، فیصل رائے اینالسٹ اور عماد احمد حمید میڈیا منیجر شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق ٹےم17 اپریل کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔23 تا 26 اپریل واحد چار روزہ میچ بمقام سلہٹ،پہلا ون ڈے 30 اپریل ،دوسرا 2 مئی ، تیسرا ون ڈے 4 مئی کو کھیلا جائے گا پہلے تین ون ڈے سلہٹ میں کھیلے جائیں گے ۔ چوتھا ون ڈے 7 مئی کو ڈھاکہ جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 9 مئی کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جبکہ قومی ٹیم دورہ مکمل کرنے کے بعد 10 مئی کو وطن واپس لوٹے گی۔