کرکٹرز لیگ کے بجائے قومی ڈیوٹی کو ترجیح دیں: ای سی بی

Published On 12 May,2021 09:05 am

لندن: (روزنامہ دنیا) انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو نجی لیگ کھیلنے کے بجائے قومی ڈیوٹی پر فوقیت دینے کی تاکید کر دی ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم نے اپنے کھلاڑیوں کو نجی لیگ کے بجائے قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔

انگلش کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر ایشلے جائلز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پہلے ٹیم کا مفاد سامنے رکھنا ہوگا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ نے پاکستان اور بنگلا دیش میں وائٹ بال سیریز کھیلنی ہے جبکہ حال ہی میں ملتوی ہونے والی بھارتی لیگ کے انگلینڈ میں انعقاد کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، آئی پی ایل ستمبر اکتوبر انگلینڈ میں ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی لیگ آئی پی ایل میں انگلش ٹیم کے گیارہ کھلاڑی شامل تھے، آئی پی ایل ملتوی ہونے کے بعد نو کھلاڑی برطانیہ تو پہنچ چکے ہیں مگر وہ قرنطینہ میں ہیں جبکہ کرس جورڈن بارباڈوس جبکہ مورگن مالدیپ میں اپنا قرنطینہ مکمل کر رہے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشترکہ اعلان کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم آئندہ برس اکتوبر میں پاکستان آئے گی۔