قومی ٹیم کو انگلینڈ جانے کی اجازت مل گئی

Published On 18 May,2021 04:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی طرف سے پاکستان کا نام ریڈ لسٹ ہونے کے باوجود قومی ٹیم کو انگلینڈ جانے کی اجازت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کو جولائی میں دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ون ڈے اور 3 ہی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں، بھارتی ٹیم جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل اور اگست ستمبر میں میزبان ٹیم کیخلاف 5 ٹیسٹ میچز میں حصہ لے گی۔

کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ نے پاکستان اور بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کررکھی ہیں، البتہ اب برطانوی حکومت نے خصوصی رعایت برتتے ہوئے دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کو آنے کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے سکواڈز اپنے شیڈول کے مطابق انگلینڈ پہنچیں گے، قرنطینہ کیلیے سرکاری طور پر مختص کسی مرکز میں رکھنے کی بجائے ساؤتھمپٹن کے ایجز باؤل میں ہی واقع ہوٹل میں قیام کی اجازت دی جائے گی، کورونا ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ہوٹل میں قیام سے متعلق پالیسی کا اطلاق صرف کرکٹرز اور معاون سٹاف ارکان پر ہوگا، فیملیز کو سہولت حاصل نہیں ہوگی، البتہ کوئی حتمی پروٹوکول بنانے کیلیے بات چیت چل رہی ہے۔ حالات بہتر ہونے پر اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کے حوالے کوئی رعایت دینا ممکن ہوگا۔

یاد رہے کہ کورونا خطرات کے باوجود انگلش ٹیم کو بھرپور ہوم سیزن میسر آرہا ہے، پاکستان اور بھارت سے قبل نیوزی لینڈ سے ہوم ٹیسٹ سیریز 2جون سے شروع ہوگی،سری لنکا سے وائٹ بال میچز جون کے آخر اور جولائی کے آغاز میں شیڈول ہیں۔