ٹاؤٹے طوفان کے اثرات، کراچی میں شدید گرمی، پارہ 43 تک پہنچنے کا امکان

Published On 18 May,2021 12:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان "ٹاؤٹے" کے باعث کراچی میں آج بھی شدید گرمی ہے، سمندری ہوائیں بدستور معطل ہیں۔ شہر قائد میں درجہ حرارت 43 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں کل سے موسم میں بہتری اور سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق تھر پارکر، عمر کوٹ میں بارشیں ہو سکتی ہیں، ننگر پارکر اور ڈھالی میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سمندری طوفان ٹاوٹے کے باعث ماہی گیروں کی قدیم بستی ابراہیم حیدری میں ہزاروں کشتیاں لنگرانداز ہیں۔ ماہی گیروں کے ساتھ برف، ایندھن،خوراک اور دیگر شعبوں سے منسلک افراد کا کام بھی رک گیا۔

ماہی گیروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جب تک طوفان کا خطرہ ہے، ماہی گیروں کوسمندر میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سمندری طوفان بننے سے قبل جو لانچیں کھلے سمندر میں تھیں انہیں بھی ساحل پر واپس بلا لیا گیا اور بیس مئی تک گہرے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔

سمندری طوفان کے پیش نظر حکومت کی جانب سے ایمرجنسی تو نافذ کردی گئی مگر کوئی سرکاری کیمپ تاحال قائم نہیں کیا گیا۔