کراچی:(روزنامہ دنیا)سابق قومی کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کیلئے علیحدہ کوچ کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید سوچ کے مالک ٹیم ڈائریکٹر کی بھی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کا اپنی یو ٹیوب ویڈیو میں کہنا تھا کہ شکستوں کا خوف دل میں پالنے سے انجام بھی ناکامی ہوتا ہے لہٰذا دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگی کیلئے گرین شرٹس کو ٹیم ڈائریکٹر کی ضرورت ہے کیونکہ جب تک انڈر 19،اے ٹیم،اکیڈمیز یا فرسٹ کلاس اور پاکستانی ٹیم میں کوچنگ کا مربوط نظام نہیں بنے گا مسائل اپنی جگہ برقرار رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاور ہٹنگ کی بات کی جائے تو ان کرداروں کا تعین ٹی ٹونٹی کوچز یا پاور ہٹنگ ایکسپرٹس زیادہ بہتر انداز سے کر سکتے ہیں۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ مصباح الحق ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کرتے رہیں لیکن مختصر فارمیٹ کیلئے علیحدہ کوچ رکھا جائے بلکہ زیادہ بہتر ہوگا کہ کنڈیشنز کے اعتبار سے مختصر مدتی معاہدوں پر کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں۔